Tuesday 1 December 2020

دسمبر کا پلو سرکنے لگا ہے

 تجدید


کسی دن چلیں گے

سمندر کے لمبے سفر پہ

دُخانی جہازوں کے اندر

ہوا جن کے عرشوں سے ٹکرا کے

تا دیر جاگے ہوؤں کو لپک اور آوارگی کا سندیسہ

سناتے سناتے بہت تیز بھاگے گی نیلے افق سے پرے

اک ابھرتے چمکتے

جزیرے کی جانب

کسی دن ملیں گے

کہانی کی لَو میں

حضوری سے لرزاں

کہانی کے معصوم بچے کو

بچے کے دادا کو

جن کے لیے ممکنہ حادثے کے پس و پیش میں

ریل گاڑی کی زنجیر کھینچی گئی تھی مگر ریل

رکنے سے معذور تھی

درد آنکھوں کی پگڈنڈیوں اور کانوں کی بہتی ہوئی

جھلیوں سے گزرنے لگا تو کھلا کہ لہو کے برابر میں

ہڈی کے گُودے سے بالشت کی دوریوں پر

دسمبر کا پلو سرکنے لگا ہے

کسی دن سنیں گے

زمیں کے ارادے

زمیں کی مرادی

جو خلقِ خدا کی جفا کے مقابل

کہیں استغاثے کی روداد کا متن ٹھہرے

کہیں زندگی میں دھڑکتی اکائی

کہیں اپنے آئینہ خانے میں ابتر

زمیں جو شکستہ دلوں کی زباں بھی

زمیں خود مؤذن بھی، اپنی اذاں بھی


فرخ یار

No comments:

Post a Comment