Monday, 30 November 2020

گھنگرو پہ بات کر نہ تو پائل پہ بات کر

 گھنگرو پہ بات کر نہ تُو پائل پہ بات کر

مجھ سے طوائفوں کے مسائل پہ بات کر

فٹ پاتھ پر پڑا ہوا دیوانِ میر دیکھ

ردی میں بکنے والے رسائل پہ بات کر

گورے مصنفین کی کالی کتب کو پڑھ

کالے مصنفوں کے خصائل پہ بات کر

منبر پہ بیٹھ کر سنا جھوٹی حکایتیں

خطبے میں سچ کے فضل و فضائل پہ بات کر

اس میں بھی اجر ہے نہاں نفلی نماز کا

مسجد میں بھیک مانگتے سائل پہ بات کر

میرا دعا سے بڑھ کے دوا پر یقین ہے

مجھ سے وسیلہ چھوڑ، وسائل پہ بات کر

آ میرے ساتھ بیٹھ، مرے ساتھ چائے پی

آ میرے ساتھ میرے دلائل پہ بات کر

سردار ہیں جو آج وہ غدار تھے کبھی

جا ان سے ان کے دورِ اوائل پہ بات کر

واصف بھی سالکوں کے قبیلے کا فرد ہے

واصف سے عارفوں کے شمائل پہ بات کر


جبار واصف

No comments:

Post a Comment