Monday, 30 November 2020

الجھے ہیں خار دامن باد بہار سے

 مژگاں نے روکا آنکھوں میں دم انتظار سے

الجھے ہیں خار دامن بادِ بہار سے

مطلب خزاں سے ہے نہ غرض ہے بہار سے

ہم دل اٹھا چکے چمنِ روزگار سے

یہ گل کھلا نہ لالہ رُخوں کے فراق میں

ہم داغ لے چلے چمنِ روزگار سے

بسمل جو ہیں تو ہم ہیں، تڑپتے جو ہیں تو ہم

وہ خوش ہیں صید گاہ میں سیر شکار سے

آغازِ عشق ہے وہ بڑھاتے ہیں رسم و راہ

ہم دل میں خوف کرتے ہیں انجامِ کار سے

ان کو ہوا جو نشۂ مے، میری بن پڑی

پردہ کھلا نہ دامنِ موجِ خمار سے

کلکتہ سے بھی کیجیۓ حاصل کوئی تو علم

سیکھیں گے سحرِِ سامری ہم چشمِ یار سے

اے مہر یہ غزل وہ پر اعجاز و گرم ہے

آتش اگر سنے نکل آئے مزار سے


مہر لکھنوی

No comments:

Post a Comment