میں عورتوں کے اس قبیلے سے ہوں
جب وہ چلتی ہیں
تو ان کا سر ایک سینٹی میٹر بھی نہیں جھکا ہوتا
تم اگر کبھی ان کی گردن کی پیمائش کرو تو
کوئی زاویہ 90 ڈگری سے نیچے نہیں ملے گا
جو دنیا کو سیدھا آنکھوں میں دیکھتی ہیں
جب وہ چلتی ہیں تو یوں لگتا ہے
جیسے یہ زمین ان کے باپ کی ہے
وہ جن کے پیروں کے نیچے فرعونوں کے سر رکھے ہیں
اور شُو ریک پر ہیلز کے ساتھ ورک بوٹ
سینڈل کی ایڑی سے گلاس سیلنگ کو توڑ کر
لکڑی کا گھر بناتی ہیں
پھر اس کے اندر دل والی پینٹنگ سجاتی ہیں
جن کو آئی لائنر لگانا بھی اتنا ہی بھاتا ہے
جتنا قلم پکڑنا
یا ساتھی کے ساتھ کھانے کی میز سجانا
بیمار بچے کے ساتھ
ساری رات جاگنا انہیں تھکاتا نہیں
ساتھی کی ہر کامیابی پر
ماتھا چوم کے دعا دیتی ہیں
جو
سہیلیوں کے کراؤن درست کرتی ہیں
ہاتھ مار کے گراتی نہیں
ان کو معلوم ہے خدا نے بہت محبت سے بنایا ہے
سو فقط اسی کے آگے پیشانی دھرتی هیں
مجازی کے آگے نہیں
کہ شرک پسند نہیں ان کو
جن کو اپنے جسم و جاں کی ہر خواہش سے پیار ہے
جن کو اپنے ہونے پر شرمندگی نہیں
میرا تعلق عورتوں کے اسی قبیلے سے ہے
رفعت جبیں
No comments:
Post a Comment