Sunday, 29 November 2020

کوئی سوغات وفا دے کے چلا جاؤں گا

 کوئی سوغاتِ وفا دے کے چلا جاؤں گا

تجھ کو جینے کی ادا دے کے چلا جاؤں گا

میرے دامن میں اگر کچھ نہ رہے گا باقی

اگلی نسلوں کو دعا دے کے چلا جاؤں گا

تیری راہوں میں مرے بعد نہ جانے کیا ہو

میں تو نقشِ کفِ پا دے کے چلا جاؤں گا

میری آواز کو ترسے گا ترا رنگ محل

میں تو اک بار صدا دے کے چلا جاؤں گا

میرا ماحول رُلاتا ہے مجھے آج، مگر

تم کو ہنسنے کی فضا دے کے چلا جاؤں گا

باعثِ امن و محبت ہے اگر میرا لہو

قطرہ قطرہ بخدا دے کے چلا جاؤں گا

عمر بھر بخل کا احساس رلائے گا تمہیں

میں تو سائل ہوں، دعا دے کے چلا جاؤں گا

میرے اجداد نے سونپی تھی جو مجھ کو رزمی

نسلِ نو کو وہ قبا دے کے چلا جاؤں گا


مظفر رزمی

No comments:

Post a Comment