Sunday 17 January 2021

ہاں مرا حال ہے برباد مگر میں تو نہیں

 ہاں مِرا حال ہے برباد مگر میں تو نہیں

تجھ کو کرتا ہے کوئی یاد مگر میں تو نہیں

بار ہا خالقِ کونین تِری خدمت میں

پہنچی ہو گی مِری فریاد مگر میں تو نہیں

عہدِ حاضر میں لگے مصر کے بازاروں میں

بک گئی ہے مِری روداد مگر میں تو نہیں

کاش ہستی بھی مِری داد کے قابل ہوتی

شعر لیتے ہیں مِرے داد مگر میں تو نہیں

محترم لوگ مجھے فن کے سبب جانتے ہیں

محترم ہیں مِرے استاد مگر میں تو نہیں

دستِ حیدرؑ سے غلامی کی سند جن کو ملی

ہوں گے وہ حضرتِ مقداد مگر میں تو نہیں

سال کے ساتھ بدلنا نہیں آتا کاظم

ہاں بدل جاتے ہیں اعداد مگر میں تو نہیں


کاظم حسین کاظم

No comments:

Post a Comment