Monday, 28 June 2021

شریک غم کوئی کب معتبر نکلتا ہے

 شریکِ غم کوئی کب معتبر نکلتا ہے

سوائے دل کے سو وہ بے خبر نکلتا ہے

یہ کیسا شہر ہے کیسی ہے سر زمیں اس کی

جہاں کی خاک پلٹتا ہوں سر نکلتا ہے

جدھر ہیں پیاسے ادھر بارشیں ہیں تیروں کی

جدھر غنیم ہے، دریا ادھر نکلتا ہے

اسے خبر ہے کہ ظلمت ہے صف بہ صف ہر سو

اجالا ہاتھ میں لے کر سپر نکلتا ہے

حفیظ ہاتھوں کا سایہ ہے سائباں جیسا

یقین ہوتا ہے دل کو نہ ڈر نکلتا ہے

عجیب دھند ہے دشت سفر پہ چھائی ہوئی

نہ ختم ہوتا ہے رستہ نہ گھر نکلتا ہے

مجیبی سونپ دی جس کو متاعِ جاں میں نے

اسی کا قرض مِرے نام پر نکلتا ہے


صدیق مجیبی

No comments:

Post a Comment