عارفانہ کلام نعتیہ کلام
حاصل ہے دل کو الفتِ پیغمبرِﷺ خدا
یہ بھی ہے ایک رحمتِ پیغمبرِﷺ خدا
دو طفل مُردہ کر دئیے زندہ حضورؐ نے
معجز نما ہے دعوتِ پیغمبرِﷺ خدا
ہو گی ضرور امتِ سرور مقیمِ خلد
مقبول ہے شفاعتِ پیغمبرِﷺ خدا
مقبولِ بارگاہِ الہیٰ ہے وہ بشر
پائی ہے جس نے صحبتِ پیغمبرِﷺ خدا
ہر گل چمن میں طبلۂ عطار بن گیا
پہنچی وہاں جو نگہتِ پیغمبرِﷺ خدا
دونوں جہاں میں اس کا ٹھکانہ کہیں نہیں
جس دل میں عداوتِ پیغمبرِﷺ خدا
پہنچا دے مجھ کو روضۂ انور پر اے نصیب
کب تک رہے گی فرقتِ پیغمبرِﷺ خدا
قرآن و آل چھوڑ گئے آپ خلق میں
اُمت نے پائی دولتِ پیغمبرِﷺ خدا
اے فوقؔ خلد کی ہے اگر تجھ کو آرزو
دل سے نہ جائے الفتِ پیغمبرِﷺ خدا
محمد دین فوق
No comments:
Post a Comment