Thursday, 1 September 2022

ابن کشمیر ہو ابن کشمیر ہو

(سید علی گیلانی مرحوم کی برسی پر ہدیۂ عقیدت)

 ابنِ کشمیر 


استعارہ تھے تم

سمتِ راہِ جنوں کا ستارہ تھے تم

عہدِ حاضر میں

جہدِ مسلسل کا واضح اشارہ تھے تم

کیسے ممکن تھا پھر

تم سے غافل رہیں

خُوگرِ قتل اور ظلم کے یہ نشاں

ہند کے حکمراں

تم بھی لیکن ارادے کی شمشیر تھے

اہلِ کشمیر کی صبحِ امید تھے

شب کی تنویر تھے

ایک پُر زور نعرۂ تکبیر تھے

ابنِ کشمیر تھے

خُوگرِ قتل اور ظلم کے اس نشاں

ہند کے حکمراں کو خبر ہی نہیں

خاک میں جو گیا

جسمِ خاکی گیا

سبز پرچم میں لپٹی ہوئی روح آزاد ہے

حریت کا سفر اب بھی آباد ہے

اب بھی تم ہی ارادے کی شمشیر ہو

اہلِ کشمیر کی صبحِ امید ہو

شب کی تنویر ہو

ایک پُر زور نعرۂ تکبیر ہو

ابنِ کشمیر ہو

ابنِ کشمیر ہو


نعیم ضرار

No comments:

Post a Comment