Thursday, 22 September 2022

دل میں ہو یاد تیری گوشہ تنہائی ہو

 عارفانہ کلام نعتیہ کلام


دل میں ہو یاد تیریﷺ گوشۂ تنہائی ہو

پھر تو خلوت میں عجب انجمن آرائی ہو

آج جو عیب کسی پر نہیں کُھلنے دیتے

کب وہ چاہیں گے میری حشر میں رُسوائی ہو

آستانہ پہ تِرےﷺ سر ہو اجل آئی ہو

اور اے جانِ جہاں تُو بھی تماشائی ہو

اک جھلک دیکھنے کی تاب نہیں عالم کو

وہ اگر جلوہ کریں کون تماشائی ہو

کبھی ایسا نہ ہوا اُنؐ کے کرم کے صدقے

ہاتھ کے پھیلنے سے پہلے نہ بھیک آئی ہو

یہی منظور تھا قدرت کو کہ سایہ نا بنے

ایسے یکتا کے لیے ایسی ہی یکتائی ہو

اس کی قسمت پہ فدا تخت شہی کی راحت

خاک طیبہ پہ جسے چین کی نیند آئی ہو

بند جب خواب اجل سے ہوں حسن کی آنکھیں

اس کی نظروں میں تیرا جلوہ زیبائی ہو


حسن رضا بریلوی

No comments:

Post a Comment