Wednesday 21 September 2022

عکس جمال یار سے جلوہ نما ہیں ہم

 عکسِ جمالِ یار سے جلوہ نما ہیں ہم

کرنوں کی طرح پھیلے ہوئے جا بجا ہیں ہم

ہم سے نظر ملاؤ کہ درد آشنا ہیں ہم

اس دور بے وفا میں سراپا وفا ہیں ہم

ہاتھوں کی ان لکیروں کا قصہ عجیب ہے

پڑھنے کے بعد بھی نہ سمجھ پائے کیا ہیں ہم

کس کو خبر ہے نیتِ واعظ کی مے کشو

کہنے کو اس نے کہہ تو دیا؛ پارسا ہیں ہم

یارو! خطا معاف ہو اس صاف گوئی کی

کہہ دے جو منہ پہ بات وہی آئینہ ہیں ہم

ہم کو تو مسکرانے کی عادت ہے کیا کریں

دنیا سمجھ رہی ہے سکوں آشنا ہیں ہم

سو بار ان کے وعدوں کو جب آزما چکے

اب تک اسی فریب میں کیوں مبتلا ہیں ہم

چمکا تمہارا حسن ہماری نگاہ سے

تم چاند کی طرح ہو تو سورج نما ہیں ہم

شاہد! ہمارے قتل کی مقتل میں دھوم ہے

سنتا ہے کون کس سے کہیں بے خطا ہیں ہم


شاہد بھوپالی

No comments:

Post a Comment