Thursday, 1 September 2022

منافقت پہلے پردہ کرتی تھی شرماتی تھی

 منافقت کہاں نہیں تھی


منافقت پہلے پردہ کرتی تھی

شرماتی تھی

اب سرِ شام بن سنور کر 

ثقافتی مرکز میں بیٹھی

سِگریٹ کا دھواں اڑاتی ہے

دعوتِ گناہ دیتی ہے

دانشوروں کی محفل میں 

فلسفوں کی جُگالی کرتی ہوئی نظر آتی ہے

شاعروں کی بستر پر نظمیں پہنے پڑی رہتی ہے

ادبی اداروں میں گروہ بناتی ہے

فنکاروں کے درمیان قہقہے لگاتی ہے

غیبت کرتی ہے

سرکاری دفتروں میں اونگھتی رہتی ہے

چمکتے چہروں کے تعاقب میں کوشاں

محبت کرنے والوں کے بیچ

خاموشی سے داخل ہو جاتی ہے

مفادات سے تعلق استوار کر لیتی ہے

اور لمحوں میں تقسیم ہو جاتی ہے


وجیہہ وارثی

No comments:

Post a Comment