Monday 13 February 2023

آنکھ کا ٹکڑا ہجر کے بل پر کتنی بغاوت کر سکتا ہے

 آنکھ کا ٹکڑا ہجر کے بَل پر کتنی بغاوت کر سکتا ہے

چیخ کے زندہ رہ سکتا ہے، وصل علامت کر سکتا ہے

تم کیا جانو؟ تم نے نیند کو بند آنکھوں سے دیکھا ہے

خواب کے ہاتھ سے چُھوٹا لمحہ کیا کیا وحشت کر سکتا ہے

وقت ملے تو گھر کی فالتو چیزوں پر بھی غور کرو تم

بیتے وقت کا کوئی کیلنڈر تم کو ملامت کر سکتا ہے

تنہائی کے حبس سے ڈر کر ہم نے عشق ایجاد کیا

روح کے جذبے کتنے سچ تھے جسم وضاحت کر سکتا ہے

عکسِ شجر پر چڑھتی تنہائی کی بیلیں پُھوٹ پڑیں

خوفِ خدا بن کر کوئی انجیل تلاوت کر سکتا ہے


حسن ارشاد

No comments:

Post a Comment