Friday, 10 February 2023

تم نہ بدلنا ساتھ ہی چلنا جب تک جیون جوت چلے

 معروف شاعر، ادیب، ڈرامہ نویس و کالم نگار امجد اسلام امجد لاہور میں انتقال کر گئے۔

انا للہ و انا الیہ راجعون

جب تک جیون جوت چلے

موسم رنگ بدل جائیں

رستے دور نکل جائیں

تم نہ بدلنا ساتھ ہی چلنا جب تک جیون جوت چلے

تیرے ہی سنگ رہنا ہے

دکھ سکھ مل کر سہنا ہے

تم سے پیارے تم سے ہی

جو بھی سننا، کہنا ہے

ہم سے سننا ہم سے کہنا جب تک ساتھ رات چلے

تم نہ بدلنا ساتھ ہی چلنا جب تک جیون جوت چلے

زلف گھٹا بن جانے دو

اس بادل کو چھانے دو

تم جو میرے ساتھ چلے

دل کو دھوم مچانے دو

پنچھی چہکیں رستے مہکیں غم کا سورج ہاتھ ملے

تم نہ بدلنا ساتھ ہی چلنا جب تک جیون جوت چلے

وصل اور ہجر اضافی ہے

ایک نظر ہی کافی ہے

دنیا ساری غم ہی غم ہے

تیرا نام تلافی ہے

چمکیں تارے ساتھ ہمارے مل جاؤ جو شام ڈھلے

تم نہ بدلنا ساتھ ہی چلنا جب تک جیون جوت چلے

امجد اسلام امجد

No comments:

Post a Comment