Friday, 10 February 2023

جل اٹھے ہیں نگاہوں میں کتنے دیے اک ترے نام سے

 عارفانہ کلام حمد نعت منقبت


جل اٹھے ہیں نگاہوں میں کتنے دِیے اک تِرےﷺ نام سے

کھل اٹھے راستوں میں عجب پھول سے اک تِرےﷺ نام سے

کوئی خوشبو سی تھی لے اڑی جو ہمیں راستہ راستہ

دیکھتے دیکھتے طے ہوئے مرحلے اک تِرےﷺ نام سے

درد تھا مستقل، بے ٹھکانہ تھا دل اور ہم پا بہ گل

چین سا آ گیا خواب روشن ہوئے اک تِرےﷺ نام سے

جتنے جالے تنے تھے مِری روح پر سب دھواں ہو گئے

دور ہونے لگے سارے شکوے گلے اک تِرےﷺ نام سے

گنگنانے لگی ہے مِری روح بھی تیریﷺ یاد آ گئی

جگمگانے لگے، میرے سب آئینے اک تِرےﷺ نام سے


امجد اسلام امجد

No comments:

Post a Comment