Wednesday 15 February 2023

وہ جا رہے تھے حال مرا جاں کنی کا تھا

 وہ جا رہے تھے حال مِرا جاں کنی کا تھا

اے ہم نشیں یہ وقت بھلا بے رخی کا تھا

راہِ جنوں میں آپ ہی گمراہ ہو گیا

دعویٰ تو راہبر کو مِری راہبری کا تھا

پروانے کو عطا کیا کیوں تُو نے سوزِ عشق

حصہ یہ صرف میری ہی تشنہ لبی کا تھا

کرتا میں کیوں خدائی میں اظہارِ مدعا

اخفائے رازِ عشق، تقاضا خودی کا تھا

جب عشرتِ نگاہ تھیں ان کی تجلیاں

کتنا حسیں وہ دور مِری زندگی کا تھا

غمخوار زندگی میں جو بنتے تو بات تھی

یہ بعدِ مرگ کون سا موقع غمی کا تھا

اب اس کے بعد موت سے بدتر ہے زندگی

مظہر کے ساتھ ہی تو مزا زندگی کا تھا


حافظ مظہرالدین مظہر

No comments:

Post a Comment