Friday, 16 June 2023

دارالاماں یہی ہے حریم خدا کے بعد

 عارفانہ کلام حمد نعت منقبت


دارالاماں یہی ہے حریمِ خدا کے بعد

ہم کس کے در پہ جائیں درِ مصطفیٰؐ کے بعد

پُر نُور کتنا خاکِ مدینہ سے دل ہوا

آئینہ کیسا صاف ہوا ہے جِلا کے بعد

روزِ جزا سے قبل شفاعت کریں گے آپؐ

جنّت بھی آپؐ بخشیں گے روزِ جزا کے بعد

طیبہ ہے اس سخی دو عالم کا گھر جہاں

خالی کوئی فقیر نہ جائے صدا کے بعد

مجھ کو طلب نہیں ہے شرابِ طہور کی

تر ہے زباں مدحتِ خیرالوریٰ کے بعد

وہ جنگ جس کی بدر کے دن ابتدا ہوئی

وہ جنگ جا کے ختم ہوئی کربلا کے بعد

کام آئے گا ضرور محمدﷺ کا واسطہ

دل کو یقین اثر کا ہے اپنی دعا کے بعد

یوں تو فضا بہشت کی بھی جاں نواز ہے

کیا جی لگے مدینے کی آب وہوا کے بعد

ہم عاشقانِ آلِؑ محمدﷺ ہیں اے صبا

زندہ رہیں گے نام ہمارے فنا کے بعد


صبا اکبر آبادی

No comments:

Post a Comment