Saturday, 17 June 2023

لکیریں ٹاپتے ٹاپتے دیکھتے رہ جائیں گے

 لکیر


٭رتھ فاؤ٭

کاش تم نے

کوڑھی دماغوں کے

علاج کے لیے بھی کوئی نسخۂ اکسیر

تجویز کر دیا ہوتا

رتھ فاؤ

برص کے سفید داغوں جیسے

احساس سے عاری

یہ دل و دماغ

تمہارے پیار کی خوشبو تولنے کے لیے

خدائی نام کے باٹ اور ترازو

تھامے ہوئے بازار تک آ گئے ہیں

رتھ فاؤ

زخمی ہاتھ پیر کی مرہم پٹی کرنے

میں تم اتنی مشغول تھیں

کہ ان کے شعور کی جراثیم زدہ رطوبت

تمہارے علاج سے بچ گئی تھی

رتھ فاؤ

تمہیں تو ڈراؤنی شکلوں سے خوف نہیں آتا

مگر مجھے ان کے تحلیل شدہ

جھڑتے ہوئے متعصب نظریوں کے فضا میں پھیلنے سے

خوف آ رہا ہے

رتھ فاؤ

مگر مجھے معلوم ہے

یہ سب لوگ جنت اور جہنم کے درمیان کی

لکیریں ٹاپتے ٹاپتے

دیکھتے رہ جائیں گے

اور تم ابد تلک تختِ خداوندی

کے طلسماتی جلو میں جھلملاتی رہو گی


ثروت زہرا

٭ڈاکٹر رتھ کیتھرینا مارتھا فاؤ جنہوں نے 1962 سے لے کر تا دمِ مرگ 10 اگست 2017 تک اپنی زندگی پاکستان میں کوڑھیوں کے علاج کے لیے وقف کر دی تھی۔

٭Ruth Katherina Martha Pfau

No comments:

Post a Comment