Sunday, 18 June 2023

یہ بارگاہ نبی ہے یہاں سنبھل کے چلو

 عارفانہ کلام حمد نعت منقبت


یہ بارگاہِ نبیؐ ہے، یہاں سنبھل کے چلو 

دیارِ مصطفویؐ ہے، یہاں سنبھل کے چلو 

دیارِ عشق میں، آدابِ عشق لازم ہیں

عجیب دل کی لگی، یہاں سنبھل کے چلو 

برس رہا ہے بہت ٹوٹ کر سحابِ کرم

عطا کی دھوم مچی ہے، یہاں سنبھل کے چلو

چلے نہ زور سے، آہستہ سانس لے زائر 

کمال بے ادبی ہے، یہاں سنبھل کے چلو 

صبا چمن میں، لٹائے مہک گلابوں کی 

فضا درود بھری ہے، یہاں سنبھل کے چلو 

قدم قدم پہ، مُرادوں سے جھولیاں بھر دے 

وہ انتہا کا سخی ہے، یہاں سنبھل کے چلو 

دُعائیں سب کی یہاں مستجاب ہوتی ہیں

قبولیت کی گھڑی ہے، یہاں سنبھل کے چلو

کوئی نہ جائے یہاں سے کبھی تہی دامن

خدا نے سب کی سُنی ہے، یہاں سنبھل کے چلو

درودﷺ رحمت عالم پہ صبح و شام پڑھو

یہ بات سب سے بھلی ہے، یہاں سنبھل کے چلو

قدم کہیں نہ پڑیں زور سے تِرے زائر 

حبیبؐ کی یہ گلی ہے، یہاں سنبھل کے چلو

سمائے، ارض و سماوات میں کہاں زینب؟

انہیںؐ جو شان ملی ہے، یہاں سنبھل کے چلو


سیدہ زینب سروری قادری

No comments:

Post a Comment