Thursday, 1 June 2023

یہ رات کون ہوا تھا زمیں کی شال میں گم

 یہ رات کون ہوا تھا زمیں کی شال میں گُم

دِیا طواف میں تھا روشنی کے جال میں گم

کچھ اس طرح سے رہا میں تِرے جمال میں گم

کہ جیسے شام کا منظر کسی خیال میں گم

مِرے جنوب کا رستہ تھا میری آنکھوں میں

مِری زمین کہ ہوتی رہی شمال میں گم

میں ایک عمر یونہی چاکِ جاں پہ رکھا رہا

سفال مجھ میں کہیں گم تھا میں سفال میں گم

مرا جواب بھی میری طرح کا سادہ تھا

جو اتنی دیر سے بیٹھا رہا سوال میں گم

تمہاری یاد کی دیوار گِر پڑی مجھ پر

میں جا رہا تھا کِسی خواہشِ نڈھال میں گم

مِرے گمان کی آنکھیں پکڑ رہی تھیں انہیں

جو ہو رہے تھے پرندے شجر کی چھال میں گم


حسن مسعود

No comments:

Post a Comment