عارفانہ کلام حمد نعت منقبت
کسی اور کے خدا سے نہ غرض نہ واسطہ ہے
ہے وہی خدا ہمارا جو حضورﷺ کا خدا ہے
یہ جو بزمِ آب و گِل ہے یہ تمام کربلا ہے
جہاں امن وآشتی ہے وہ دیارِ مصطفیٰؐ ہے
یہ جو آدمی کا رتبہ ہے بلند قُدسیوں سے
کسی اور کا نہیں ہے یہ کرم حضورؐ کا ہے
جسے مصطفیٰؐ نے روشن کی ظلمتِ حرا میں
سرِ بزمِ علم و دانش وہ چراغ جل رہا ہے
کوئی اس کی عظمتوں کو نہ سراغ پا سکے گا
وہ نعال پا ہے اس کی جسے عرش چُومتا ہے
کسی اور راستے سے نہ ملے گی ہم کو منزل
جو حضورﷺ نے بتایا وہی ٹھیک راستہ ہے
مِری بات کی گواہی ہے اذان اور کلمہ
جہاں ذکر ہے خدا کا وہیں ذکرِ مصطفیٰؐ ہے
مجھے ناز بخت پر ہے مجھے فخر ہے یہ اعجاز
کہ مِرا نبیﷺ وہی ہے جو امام الانبیاءﷺ ہے
اعجاز رحمانی
No comments:
Post a Comment