Tuesday, 20 June 2023

عشق بس عشق مصطفیٰ مانگوں

 عارفانہ کلام حمد نعت منقبت


عشق بس عشقِ مصطفیٰؐ مانگوں

اور تجھ سے نہ کچھ خدا مانگوں

اس دعا سے بڑی دعا کیا ہے

اس سے بڑھ کر میں کیا دعا مانگوں

میرے سوزِ جگر کے چارہ رساں

تجھ سے ہر زخم کی دوا مانگوں

زندگی مجھ کو بخشنے والے 

زندگی کا میں مدعا مانگوں

اپنے آپے سے ہو کے باہر آج

تجھ سے میں تیرا دلربا مانگوں

لوگ کہتے ہیں جن کو بے سایہ

انؐ کے سائے کا آسرا مانگوں

جاں بھی جائے تو آس دے کر میں

انؐ کے کوچے کی خاکِ پا مانگوں


سعادت حسن آس

No comments:

Post a Comment