عارفانہ کلام حمد نعت منقبت
رکھا ہے میں نے کام سدا ایک کام سے
آباد گھر کیا ہے درودﷺ و سلام سے
مومن کی سادہ لفظوں میں تعریف ہے یہی
ہو جاں سے بڑھ کے پیار محمدؐ کے نام سے
ممدوحِ دو جہان کی مدحت کا فیض ہے
ملتا ہے یہ جہان بڑے احترام سے
بٹتی ہے تیرے علم کی دانشکدوں میں بھیک
روشن دیارِ فکر و نظر تیرے نام سے
ان کو ملیں زمانے کی ساری بھلائیاں
واقف ہوئے جو سرورِ دیںﷺ کے مقام سے
دیکھی ہے جب سے میں نے بہارِ درِ نبیﷺ
خوشبوئے خلد آتی ہے میرے کلام سے
دربارِ مصطفیٰﷺ سے محبت کیے بغیر
کچھ بھی نہیں ملے گا سجود و قیام سے
اُمت ہوئی ہے خیر کے رستے سے بے خبر
مظہر کروں گا شکوہ میں خیرالانامﷺ سے
مظہر حسین مظہر
No comments:
Post a Comment