Thursday 22 June 2023

مجھ کو دکھا کے روضۂ اطہر حضور نے

 عارفانہ کلام حمد نعت منقبت


مجھ کو دکھا کے روضۂ اطہر حضورﷺ نے

چمکا دیا ہے میرا مقدر حضورﷺ نے

دُھندلا نہیں سکے گی اسے گردشِ حیات

آنکھوں میں بھر دیا ہے وہ منظر حضورﷺ نے

ہچکی سی بندھ گئی تھی مواجہ کے سامنے

دستِ تسلی رکھ دیا دل پر حضورﷺ نے

امت کی بھوک پیاس مٹانے کے واسطے

باندھے تھے اپنے پیٹ پہ پتھر حضورﷺ نے

منظور کب تھی حشر میں رسوائی منگتے کی

اس کو چھپایا کملی میں بڑھ کر حضورﷺ نے

ملکِ سخن پہ چھائی تھی تاریکیوں کی دُھول

بخشا قلم کو حرفِ منور حضورﷺ نے

کتنی عزیز ہے انہیں تکریمِ آدمی

نوکر کو بھی بٹھایا برابر حضورﷺ نے

کب میرے بس کی بات ہے سرکارﷺ کی ثنا

مجھ پر کرم کیا ہے یہ مظہر حضورﷺ نے

انسان بھول بیٹھا تھا مظہر خدا کا نام

دل میں بسایا اسمِ معطر حضورﷺ نے


مظہر حسین مظہر

No comments:

Post a Comment