Tuesday, 1 August 2023

یاد نبی کا گلشن مہکا مہکا لگتا ہے

 عارفانہ کلام حمد نعت منقبت


یادِ نبیﷺ کا گلشن مہکا مہکا لگتا ہے

محفل میں موجود ہیں آقاﷺ ایسا لگتا ہے

نامِ محمدﷺ کتنا میٹھا میٹھا لگتا ہے

پیارے نبیؐ کا ذکر بھی ہم کو پیارا لگتا ہے

لب پر نغمے صلِّ علیٰ کے، ہاتھوں میں کشکول

دیکھو انﷺ کا منگتا کتنا اچھا لگتا ہے

آنکھوں میں مازاغ کا سُرمہ، سر طٰہٰ کا تاج

کیسے کہہ دوں رحمت والا ہم سا لگتا ہے

غوث قطب ابدال قلندر سب ان کے محتاج

میرا داتا ہر داتا کا، داتا لگتا ہے

اَوْ اَدْنیٰ کی بزم سجی ہے عرشِ بریں پر آج

حق کا دلارا باندھ کے سہرا دولہا لگتاہے

ان کے در پہ پلنے والے اپنا آپ جواب

کوئی فریدالدین تو کوئی خواجہ لگتا ہے

یادِ نبیﷺ میں رونے والا ہم دیوانوں کو

لاکھ پرایا ہو وہ پھر بھی اپنا لگتا ہے

آؤ سنائیں اپنے نبیؐ کو اپنے دل کی بات

ان کے علاوہ کون نیازی اپنا لگتا ہے


عبدالستار نیازی

No comments:

Post a Comment