Tuesday 24 October 2023

ہزار قصے تھے داستانوں میں رہ گئے ہیں

 ہزار قصے تھے داستانوں میں رہ گئے ہیں

ہمارے یوسف تو قید خانوں میں رہ گئے ہیں

تمہارے آگے جو چُپ کھڑے ہیں، یہ بُت نہيں ہیں

پلٹ کے دیکھو کہ ہم چٹانوں میں رہ گئے ہیں

حضور کہنا، کسی کا جُھک کر سلام کرنا

یہ رکھ رکھاؤ بھی کچھ گھرانوں میں رہ گئے ہیں

وہ لوگ جن سے چراغ روشن تھے، باغ روشن

کوئی بتائے گا، کِن زمانوں میں رہ گئے ہیں

اگر کہو تو میں پینٹ کر کے دکھاؤں، عامی

وہ قہقہے بھی، جو قہوہ خانوں میں رہ گئے ہیں


عمران عامی

No comments:

Post a Comment