عارفانہ کلام حمد نعت منقبت
ابتداء فہرست عنوان گوشوارہ کچھ نہیں
ماسوا مِدحتؐ کے ہستی کا شمارہ کچھ نہیں
وجہ بخشش باعثِ اعزاز نعت مصطفیٰﷺ
فائدے دونوں جہاں کے اور خسارہ کچھ نہیں
اپنے منگتوں کو دیا اتنا کہ ان کے ہونٹ پر
بارِ دِیگر، باز خواہی، پھر، دوبارہ کچھ نہیں
جو ہو لاثانی سراپا سچ ہے اس کی مدح میں
اصل تشبیہہ و کنایہ، استعارہ کچھ نہیں
حق بجانب ہیں اگر طیبہ کے ذرے یوں کہیں
اپنے آگے مہر و مہ، کوئی ستارہ کچھ نہیں
ہے بسا ان پُتلیوں میں سبز گُنبد کا جمال
کچھ نہیں اب اے جہاں! تیرا نظارہ کچھ نہیں
نعت کا موضوع ہے وہ بحر بے پایاں نظیر
جس میں ہے وُسعت ہی وُسعت اور کنارہ کچھ نہیں
واحد نظیر
No comments:
Post a Comment