Saturday, 16 December 2023

اے زمین وطن ہم گنہگار ہیں

 اے زمینِ وطن ہم گنہگار ہیں

ہم نے نظموں میں تیرے چمکتے ہوئے بام و در کے بیتاب قصے لکھے 

پھول چہروں پہ شبنم سی غزلیں کہیں

خواب آنکھوں کے خوشبو قصیدے لکھے تیرے کھیتوں کی فصلوں کو سونا گنا

تیری گلیوں میں دل کے جریدے لکھے

جن کو خود اپنی آنکھوں سے دیکھا نہیں

ہم نے تیری جبیں پر وہ لمحے لکھے

جو تصور کے لشکر میں لڑتے رہے

ہم وہ سالار ہیں، ہم گنہگار ہیں

اے زمینِ وطن! ہم گنہگار ہیں

ہم تیرے دُکھ سمندر سے غافل رہے

تیرے چہرے کی رونق دُھواں ہو گئی

اور ہم رہینِ غمِ دل رہی

ظلم کے روبرو لب کشائی نہ کی

اس طرح ظالموں میں بھی شامل رہے حشر آور دنوں میں جو سوئے رہے

ہم وہ بیدار ہیں، ہم گنہگار ہیں

اے زمینِ وطن! ہم گنہگار ہیں

جاگتی آنکھ سے خواب دیکھے

ان کو اپنی مرضی کی تعبیر دیتے رہے

ہم تیرے بارآور موسموں کے لیے بادِ صرصر میں تاثیر دیتے رہے

ہم اندھیرے مناظر کو روشن دنوں کی امیدوں سے تنویر دیتے رہے 

تیرے ساحل کی آزادیوں کے لیے ہم تلاطم کو زنجیر دیتے رہے 

جو ہمیشہ تجھے آرزو کے جھروکے سے تکتے رہے

ہم وہ فنکار ہیں، ہم گنہگار ہیں

اے زمینِ وطن! ہم گنہگار ہیں

جب تیرے زرد پڑتے ہوئے موسموں کو مہکتی شفق کی ضرورت پڑی 

ہم نے اپنا لہو آزمایا نہیں 

تیری خوشبو سکوں کی تمنا لیے 

آندھیوں کے جلو میں بھٹکتی رہی ہم نے روکا نہیں

تیری مٹی نگاہوں میں بادل لیے 

خشک موسم کی راہوں میں بیٹھی رہی ہم نے دل کو سمندر بنایا نہیں 

تیری عزت زمانے کے بازار میں دل جلاتی بولیوں میں بکی

ہم نے کانوں میں سیسہ اتارا نہیں 

ہم گنہ گار ہیں

اے زمینِ وطن! ہم گنہگار ہیں

اے زمینِ وطن! تجھ کو تو علم ہے

لوگ کیوں درِ راہِ ملامت ہوئے

جن محافظ دشمنوں کے علم تیرے روشن لہو کی شہادت ہوئے 

ہم بھی ان کی سیاست کے نخچیر ہیں

آستینوں کے جو سانپ ثابت ہوئے 

ہم بھی تیری طرح سازشوں کی ہوا کے گرفتار ہیں 

ہم گنہگار ہیں

اے زمینِ وطن! ہم گنہگار ہیں

ہم گنہگار ہیں اے زمینِ وطن

پر قسم ہے ہمیں اپنے اجداد کی 

سرحدوں سے بلاتے ہوئے خون کی

اپنی بہنوں کی حرمت کی، اولاد کی

ہاں قسم ہے ہمیں آنے والے دنوں کی

اور آنکھوں میں ٹھہری ہوئی یاد کی

اب محافظ نما دشمنوں کے علم ان کے کالے لہو سے بھگوئیں گے ہم 

تیرے دامن کے رسوائیوں کے داغ اپنے آنسوؤں سے دھوئیں گے ہم 

آخری مرتبہ اے متاعِ نظر! آج اپنے گناہوں پہ روئیں گے ہم

تیری آنکھوں میں اے نگارِ وطن

شرمساری کے آنسو نہیں آئیں گے

ہم کو تیری قسم اے بہارِ وطن! اب اندھیرے سفر کو نہ دہرائیں گے

گر کسی نے تیرے ساتھ دھوکا کیا، وہ کوئی بھی ہو

اس کے رستے کی دیوار بن جائیں گے

جان دے کر تیرا نام کر جائیں گے

اے زمینِ وطن! اے زمینِ وطن

اے زمینِ وطن ہم گنہگار ہیں


امجد اسلام امجد

No comments:

Post a Comment