Monday, 22 January 2024

خواب میں کر کے رہائی کے نظارے قیدی

 خواب میں کر کے رہائی کے نظارے قیدی

جاگ کر روتے رہے آج بے چارے قیدی

آپ کی دُنیا میں جُھولے کی سہولت ہو گی

جُھولتے ہیں یہاں سُولی کے سہارے قیدی

جانتے تھے کہ رہائی کی کوئی راہ نہیں

روز کرتے تھے پر اندھوں کو اشارے قیدی

رات کی آڑ میں مِلتی ہیں سزائیں کیا کیا 

شاہزادی کو لُبھاتے ہیں کنوارے قیدی

اُس نے زِندان کے سوراخ تلک بند کیے

کاٹ لیں رات نہ گِنتے ہوئے تارے قیدی

ہے گرفتارِ انا ہر کوئی تا حدّ نگاہ

ظُلمت آباد میں اب کس کو پکارے قیدی

تم تو یادوں کو بھی ہمراہ لیے جاتے ہو

چھوڑ کر جاؤ انہیں یہ ہیں ہمارے قیدی

اُس کے دل کا ہے عجب حال عطا مت پوچھو

جگہ اتنی بھی نہیں پاؤں پسارے قیدی


عامر عطا 

No comments:

Post a Comment