Monday 22 January 2024

منظر یہ سر عرش نیا دیکھ رہے ہیں

 عارفانہ کلام حمد نعت منقبت


منظر یہ سرِ عرش نیا دیکھ رہے ہیں

نعلینِ محمدﷺ کی ادا دیکھ رہے ہیں

سرکارِ دو عالمﷺ کا ابھی نام لیا ہے

سب گردشوں کا رنگ اُڑا دیکھ رہے ہیں

دُنیا میں کہاں آپؐ کے در سا ہے کوئی در

جس در کی طرف شاہ و گدا دیکھ رہے ہیں

کل روضۂ اطہر پہ جو حاضر تھا مِرا دل

اب ہجرِ مقدس میں پڑا دیکھ رہے ہیں

انگشت بدنداں ہیں زمانے کے سخی سب

ہر وقت کھلا بابِ سخا دیکھ رہے ہیں

سرکارؐ سے مخفی تو نہیں کچھ بھی جہاں میں

سرکارﷺ تو ہر کھوٹا کھرا دیکھ رہے ہیں

محفوظ ہے ہر ایک ادا آپ کی، راجہ

ہم لوگ انہیں دیکھے بِنا دیکھ رہے ہیں


اویس راجا

No comments:

Post a Comment