عارفانہ کلام حمد نعت منقبت
امام المُرسلیں تم ہو شفیعِ عاصیاں تمﷺ ہو
دل و جاں تم پہ صدقے مونس بیچارگاں تم ہو
مِری ہستی کی عظمت اس سے بڑھ کر اور کیا ہو گی
تمہاری خاکِ پا ہوں میں شہ کون و مکاںﷺ تم ہو
قسم اس پُرسش پیہم کی اے جُود و عطا والے
خُدا کی رحمتیں اس پر ہیں جس پر مہرباں تم ہو
زمانہ فخر کرتا ہے تمہاری ذاتِ اقدسﷺ پر
جہاں ہے تم سے روشن وجہِ تخلیقِ جہاں تم ہو
مبارک ہوں یہ روزوں کے مقدس دن مسلماں کو
زہے قسمت شکیل ان ساعتوں کے قدرداں تم ہو
شکیل بدایونی
No comments:
Post a Comment