مداری
خبر کچھ اس طرح پھیلی، کہ جیسے آگ جنگل میں
کہ ہر سو گاڑیوں کا شور برپا تھا
جہاں پر کچھ مداری کیمرے لے کر
تماشہ بیچنے کو آن پہنچے تھے
تماشہ ایک لڑکی کا
برہنہ جسم وہ لڑکی
کہ جس کے گرد کچھ وحشی درندے تھے
وہی الہڑ جواں لڑکی
جسے کچھ بھیڑیوں نے اپنی خواہش میں
ہوس میں نوچ ڈالا تھا
مداری بھیڑیوں کی چال پر نظریں جمائے تھے
کسی کے ہاتھ میں مائیک، تو کوئی
کیمرے مرکوز کرنے میں لگا تھا بس
مگر یہ کون بتلاتا؟
خبر سے بھی ضروری تھا
برہنہ جسم لڑکی کے بدن کو ڈھانپ لینا پر
سبھی کو ایک جلدی تھی، براہ راست منظر کو
ہوا میں بھیجنے اور بیچنے کی بس
بریکنگ پر بریکنگ تھی
بیاں کردہ خبر کیا تھی، تماشہ تھا بس عصمت کا
تھی جتنی سسکیاں آہیں
وہ ساری جم چکی تھی برف کی سل میں
بریکنگ اس طرح سے تھی
یہ وہ معصوم لڑکی ہے، جسے کچھ بھیڑیوں نے
اپنی خواہش میں، ہوس میں نوچ ڈالا ہے
یہ اس کے جسم پر دیکھیں تشدد کے نشاں دیکھیں
یہی وہ آٹھ ملزم ہیں، نہیں یہ سات ملزم ہیں
نہیں اور ہاں میں گھن چکر
خبر شرم و حیا کے دائروں سے
دو قدم باہر ہی نکلی تھی کہ اس لمحے
برہنہ جسم لڑکی نے، بالآخر خودکشی کر لی
ہدایت سائر
No comments:
Post a Comment