Sunday, 21 January 2024

ایسی قدرت نے تیری صورت سنواری یارسول

 عارفانہ کلام حمد نعت منقبت


ایسی قدرت نے تیری صورت سنواری یا رسولﷺ

دونوں عالم کو ہوئی یہ شکل پیاری یا رسولﷺ

ہے چمک تیرے دُرِ دَنداں میں جیسی یا نبیﷺ

موتیوں میں کب ہے ایسی آبداری یا رسولﷺ

اے تیری رِفعت کہ تیرے رب نے کی تجھ کو عطا

تاجدارانِ جہاں کی تاجداری یا رسولﷺ

ہے کہاں مادر کو اُلفت اس قدر فرزند سے

تجھ کو ہے اُمت کی جتنی پاسداری یا رسولﷺ

خوابِ غفلت میں پڑے دن رات ہم سوتے رہے

تم نے کی غم میں ہمارے اشکباری یا رسولﷺ

رات کاٹی ہم نے سو کر دن گُزارا لہو میں

تم نے روتے روتے ساری شب گُزاری یا رسولﷺ

وقت پیدائش شب معراج مرقد میں کہیں

تم نے اُمت کی نہ چھوڑی غمگساری یا رسولﷺ

عاصیوں کی مُلحِدوں کی مُشرک و کفار کی

تم نے کی دُنیا میں سب کی پردہ داری یا رسولﷺ

حق کے پیارے آپ اور اُمت ہے پیاری آپ کو

اس لیے حق کو ہوئی اُمت بھی پیاری یا رسولﷺ

ایک قطرہ ہو عطا جامِ مئے عرفان سے

دُور ہو دل سے مِرے غفلت شعاری یا رسولﷺ

اس کو کہتے ہیں محبت حیدرِ کرارؑ نے

تیرے سونے پر نمازِ عصر واری یا رسولﷺ

زندگی بھر بعد مردن روزِ محشر تک رہے

تیرے در سے مجھ کو حاصل ہمکناری یا رسولﷺ

شانِ رحمت جوش پر آئی چُھڑایا قید سے

بے کلی کے ساتھ جب ہرنی پکاری یا رسولﷺ

کوئی بھی دُنیا و عُقبیٰ میں نہیں پُرسانِ حال

آس ہے ہم عاصیوں کو بس تمہاری یا رسولﷺ

ہر مصیبت سے بچایا تیرے نامِ پاکﷺ نے

تیری رحمت نے مِری حالت سنواری یا رسولﷺ

گر خُدا چاہے تو اُٹھ جائے گا پردہ قبر سے

مر کے بھی دیکھا کروں گا شکل پیاری یا رسولﷺ

کعبۂ دل میں مدینہ اور مدینہ میں ہو تم

میرے سینے میں بھی ہے تُربت تمہاری یا رسولﷺ

اس لیے عشّاق کے سینوں میں ہو تم جلوہ گر

سر جُھکا کر دیکھ لیں صُورت تمہاری یا رسولﷺ

یا حبیب اللہﷺ یاغوثُ الوریٰﷺ جس دم کہا

نجدیوں کے لگ گئی دل پر کٹاری یا رسولﷺ

ہے فقط اتنی تمنّا اے جمیل قادری

ہو تِری خالص محبت دل میں ساری یا رسولﷺ


جمیل رضوی قادری

No comments:

Post a Comment