Friday, 19 January 2024

دلوں سے غم مٹاتا ہے محمد نام ایسا ہے

 عارفانہ کلام حمد نعت منقبت


دلوں سے غم مٹاتا ہے محمدﷺ نام ایسا ہے

نگر اُجڑے بساتا ہے محمدﷺ نام ایسا ہے

انہی کے نام سے پائی فقیروں نے شہنشاہی

خُدا سے بھی ملاتا ہے محمدﷺ نام ایسا ہے

انہی کے ذکر سے روشن راتیں پھر لوٹ آتی ہیں

نصیبوں کو جگاتا ہے محمدﷺ نام ایسا ہے

درودوں کی مہک سے محفلیں آباد رہتی ہیں

میری نعتیں سجاتا ہے محمدﷺ نام ایسا ہے

محبت کے کنول کھلتے ہیں ان کو یاد کرنے سے

بڑی خُوشبوئیں لاتا ہے محمدﷺ نام ایسا ہے

مدد حاصل ہے مجھ کو ہر گھڑی شاہِ مدینہ کی

میری بگڑی بناتا ہے محمدﷺ نام ایسا ہے

میں فخری فکر دُنیا وآخرت سب بُھول جاتا ہوں

مجھے جب یاد آتا ہے محمدﷺ نام ایسا ہے


زاہد فخری

No comments:

Post a Comment