عارفانہ کلام حمد نعت منقبت
گر شاہِ دو عالمؐ کے سہارے نہیں ہوتے
اُمت کے کبھی وارے نیارے نہیں ہوتے
پھر چاند کہاں ٹُوٹ کے جُڑتا مِرے آقاﷺ
گر آپِ کی اُنگلی کے اشارے نہیں ہوتے
سرکارؐ کی نگری کا بیاں حُسن ہو کیسے
ایسے تو کہیں اور نظارے نہیں ہوتے
جی جان فِدا کر دے جو حُرمت پہ نبیﷺ کے
اس پیار کے سودے میں خسارے نہیں ہوتے
اے شاہِ اممﷺ در پہ بُلا لیجیے خُدا را
اب دُور مدینے سے گُزارے نہیں ہوتے
محشر میں نہ ہو سکتی گُنہ گار کی بخشش
گر سید ابرارﷺ ہمارے نہیں ہوتے
ملتی نہ اگر نُور کی خیرات فلک کو
یہ شمس و قمر اور سِتارے نہیں ہوتے
اے ناز کرم ہے سب محبوب خداﷺ کا
ورنہ تو حسیں بخت ہمارے نہیں ہوتے
صفیہ ناز
No comments:
Post a Comment