عارفانہ کلام حمد نعت منقبت
دل مبتلائے رنج ہے ممکن ہے یوں علاج
کر دیجیے عطا مجھے خاک مدینہ آج
چبھنے لگے ہیں مجھ کو یہ دنیا کے تخت و تاج
جب سے ہوا ہے دل پہ میرے مصطفیٰؐ کا راج
میرا امام صاحبِ کوثر ہی ہے فقط
محشر میں اے خدا مِری رکھ لیجیے گا لاج
بستر کے واسطے رکھے پتے کھجور کے
آقائے نامدارﷺ کا سادہ تھا یوں مزاج
سب مال و زر لٹا دیا اللہ کے لیے
یہ بھی ہوا کہ خود کو میسر نہ تھا اناج
اے صاحبانِ شعر و ادب چھوڑئیے غزل
اردو ادب میں دیجیے نعتوں کو اب رواج
اللہ جس کی مدح میں آیات بھیج دے
کاشف ادا نہ ہو سکے اس کا کبھی خراج
کاشف شکیل
No comments:
Post a Comment