Sunday, 19 May 2024

تا ابد ممکن نہیں تنویر فاراں کا جواب

 عارفانہ کلام حمد نعت منقبت


تا ابد ممکن نہیں تنویرِ فاراں کا جواب

پرتَوِ روئے نبیﷺ سے آئینے ہیں آب آب

مل نہیں سکتا قیامت تک کہیں اُس کا جواب

جس نے پتھریلی زمینوں پر اُگائے ہیں گلاب

مصطفیٰ یا مصطفیٰ یا مصطفیٰ یا مصطفیٰﷺ

بس یہی میرا سبق ہے بس یہی میرا نصاب

منزلِ قوسین تک پہنچے جو محبوبِؐ خدا

رک گئی نبضِ زمانہ کیا قمر کیا آفتاب

کیا نہیں یہ اعترافِ علمِ ختم المرسلیںﷺ

چاہتے ہیں لوگ چودہ سو برس پہلا نصاب

دیکھنا اے آتشِ دوزخ رہے اس کا خیال

ہم غلامِ مصطفیٰﷺ ہیں ہم غلامِ بو ترابؑ

اتنے کم رتبہ ہوئے ہم اُنؐ کا دامن چھوڑ کر

جیسے صحرا میں بگولے جیسے جیسے دریا میں حباب

ذره ذرہ دہر کا عارف منور ہو گیا

جب شعاعیں بانٹتا گزرا عرب کا ماہتاب


عارف اکبرآبادی

No comments:

Post a Comment