بُنائی
میں نے اپنا ذہن ادھیڑا
ایک خیال کا لمبا سُوتر سیدھا کر کے
قوسِ قزح کے رنگ لگائے
اور لپیٹا
اس کے جسم کا ناپ لیا
امیدوں کی عینک پہنی
ایک سنہری جذبے کی باریک سلاخیں پکڑیں
نظم بنی، پھر اس نظم کے حصے جوڑے
گانٹھوں سے نکلے مایوسی کے دھاگوں کو کاٹا
میٹھے احساسات کے پانی سے دھویا
شعروں کے باغیچے گھوم کے تازہ لفظ چنے
سات سُروں کی چاندی کے اوراق لیے
اور زمستاں میں اک سُندر لڑکی کو
نرم ملائم نظم کا تحفہ پیش کیا
اس نے تحفہ کھولا
میں نے پہنایا
پہنانے کے بعد مجھے محسوس ہوا
اس سیارے پر وہ واحد لڑکی ہے
جس پہ نظم بہت جچتی ہے
شعیب کیانی
No comments:
Post a Comment