عارفانہ کلام حمد نعت منقبت
حبیب کبریا ہیں نازش انساں محمدﷺ ہیں
امین و صادق و سرچشمۂ ایماں محمدﷺ ہیں
نبیوں میں مقام امتیازی ہے محمدﷺ کا
جہاں میں آخری پیغمبر دوراں محمدﷺ ہیں
محمدﷺ کا یہی احسان ہے تاریخِ انساں پر
کہ بنیادِ نزولِ مصحفِ قرآں محمدﷺ ہیں
کہیں تو پھول سے بھی نرم و نازک ہے مزاج ان کا
کہیں جنگ احد میں مردمِ آہن محمدﷺ ہیں
عمل اور قول اور کردار ان کا اسوۂ حسنہ
جہاں میں رازدارِ مرضئ یزداں محمدﷺ ہیں
نہ کم ہو گی کبھی بھی روشنی جس کے زمانے کی
رہِ عرفانیت میں مشعلِ تاباں محمدﷺ ہیں
سفینے شرک کے اے موج! جس میں ڈگمگاتے ہیں
اسی وحدانیت کے بحر کا طوفاں محمدﷺ ہیں
موج فتح گڑھی
راجیندر بہادر
No comments:
Post a Comment