جانے کس دیس گئے یار ہمارے سارے
محو ہوتے ہی نہیں ذہن سے پیارے سارے
آدمی اپنی لکیروں سے الجھ پڑتا ہے
جب پھسل جاتے ہیں مُٹھی سے ستارے سارے
دل کا دریا کوئی شمشان ہے امیدوں کا
تُو ہے ویسا کہ نہیں جیسا گماں میں آیا
یعنی اندازے غلط نکلے ہمارے سارے
ایسے بے لوث تو دل والے ہی ہو سکتے ہیں
ورنہ دامن میں بھرے کون شرارے سارے
پھر بھی کاغذ پہ تیرا عکس مکمل نہ ہوا
جس قدر رنگ دھنک میں تھے اُبھارے سارے
اک محبت کہ پس انداز ہوئی ہے، ورنہ
جتنے لمحے بھی کمائے گئے ہارے سارے
تم تو کہنے کو بھی اک پل کو ہمارے نہ ہوئے
ہم دل و جاں سے ہیں سو بار تمہارے سارے
ہم نے اک عمر جلائے ہیں سرِ بام چراغ
ہم سمجھتے ہیں ہواؤں کے اشارے سارے
واجد امیر
No comments:
Post a Comment