Wednesday, 20 January 2016

ہزاروں فریاد کر رہے ہیں مگر کسی پر نظر نہیں ہے

ہزاروں فریاد کر رہے ہیں مگر کسی پر نظر نہیں ہے
وہ محو ہیں آئینے میں ایسے کہ ان کو اپنی خبر نہیں ہے
مریضِ فرقت کا ہے یہ عالم کہ شام سے کچھ خبر نہیں ہے
وہ دیکھنے آئیں گے سحر کو ۔۔۔ یہاں امیدِ سحر نہیں ہے
خوشی تو یہ ہے جواب آیا مآل پیشِ نظر نہیں ہے
لفافہ قاصد سے لے لیا ہے لکھے ہوئے کی خبر نہیں ہے
دوا سے بیمارِ غم کو صحت کہیں ہوئی کبھی سنا ہے
یہ آخری وقت ہے دعا کا ضرورتِ چارہ گر نہیں ہے
تجلیوں کی یہ انتہا ہے کہ دیکھنے والے دم بخود ہیں
ہر اک کی آنکھوں کے سامنے ہے مگر مجالِ نظر نہیں ہے
'سرہانے میت کے کہہ رہے ہیں 'کہا سنا تم معاف کر دو
وہ دل میں شاید سمجھ گئے ہیں یہ واپسی کا سفر نہیں ہے
تم آ کے سینے پہ ہاتھ رکھ دو، مسیحا کہنے لگے گی دنیا
طبیب یہ کہہ کے جا رہے ہیں دوائے دردِ جگر نہیں ہے
چھپا کر داغِ جگر کو میں نے فضول ان سے ضدیں بڑھا لیں
میں کہہ رہا ہوں قمرؔ ہوں میں ہی، وہ کہہ رہے ہیں قمر نہیں ہے

استاد قمر جلالوی

No comments:

Post a Comment