Sunday 8 May 2016

پاس ہے تم کو اگر پچھلی شناسائی کا

پاس ہے تم کو اگر پچھلی شناسائی کا
آؤ! دہرائیں فسانہ شبِ تنہائی کا
حسن کو شوق ہے گر انجمن آرائی کا
آۓ دیکھے وہ تماشا مِری رسوائی کا
زندگی ! میں تجھے مر مر کے جئے جاتا ہوں
کچھ تو انعام دے اس قافیہ پیمائی کا 
خود پرستی کا یہ الزام،۔عیاذ باللہ
میں تو اک عکس ہوں اس جلوۂ یکتائی کا
کیوں تجھے شام و سحر خدشۂ بدنامی ہے
کون سنتا ہے فسانہ تِرے سودائی کا
گریۂ نیم شبی، آہ و غمِ صبح گہی
اور کیا ذکر ہو اس پیکرِ زیبائی کا
جان سے جا کے ملی فکرِ دو عالم سے نجات
شکریہ آپ کے اعجازِِ مسیحائی کا
کیا سمجھتے ہو تم اپنے کو، بتاؤ! سرورؔ
دعویٰ آخر ہے یہ کس بات پہ دانائی کا

سرور عالم راز

No comments:

Post a Comment