Monday 17 October 2016

طلب آسودگی کی عرصہ دنیا میں رکھتے ہیں

طلب آسودگی کی عرصۂ دنیا میں رکھتے ہیں
امیدِ فصلِ گل ہے اور قدم صحرا میں رکھتے ہیں
ہوئے ہیں اس قدر مانوس ہم پیمانِ فردا سے
کہ اب دِل کا سفینہ ہجر کے دریا میں رکھتے ہیں
بشر کو دیکھئے با ایں ہمہ ساحل پہ مرتا ہے
حباب اپنا اثاثہ سیلِ بے پروا میں رکھتے ہیں
ہمارے پاس کوئی گردشِ دوراں نہیں آتی
ہم اپنی عمرِ فانی ساغر و مِینا میں رکھتے ہیں
ہمیں ہر گام پر ملتا رہا، اعزازِ محرومی
وقار اپنا بہت ہم، دیدۂ دنیا میں رکھتے ہیں
امیدوں کے کھنڈر مایوسیوں کے دم بخود سائے
بڑی ہی رونقیں ہم، اس دلِ تنہا میں رکھتے ہیں
ہمارے دور کے انسان، خود اپنی ہی ضد نکلے
طلب ماضی کی ہوتی ہے، قدم فردا میں رکھتے ہیں
ظہیرؔ ان دل زدوں کی عظمتیں دیکھو، یہ دیوانے
چراغِ عشق روشن، وادی و صحرا میں رکھتے ہیں

ظہیر کاشمیری

No comments:

Post a Comment