Monday 16 January 2017

ہوتے ہوتے گھر مرا سایوں کا معبد ہو گیا

ہوتے ہوتے گھر مِرا سایوں کا معبد ہو گیا
صحن میں جو بیج بویا تھا وہ برگد ہو گیا
کھول دی جب کچھ خردمندوں نے فتوؤں کی دکاں
تب کوئی منصور ٹھہرا، کوئی سرمد ہو گیا
کیا ہے تعزیراتِ رحمت میں سزا ان کے لیے
بیخودی میں جن سے کوئی جرم سر زد ہو گیا
کافروں میں پَل کے بھی جس نے کیا ایماں قبول
مل کے مجھ جیسے مسلماں سے وہ مرتد ہو گیا
کی سفارش میں نے جس کی وہ نہ آیا لوٹ کر
ایسا لگتا ہے کہ اس کا کام شاید ہو گیا
سن رہے تھے کل مِری تقریر کچھ بونے قتیلؔ
یوں لگا جیسے بہت اونچا مِرا قد ہو گیا

قتیل شفائی

No comments:

Post a Comment