Tuesday, 7 January 2020

مرشد میں رونا روتے ہوئے اندھا ہو گیا

مرشد دوسرا حصہ

مرشد میں رونا روتے ہوئے اندھا ہو گیا
اور آپ ہیں کہ آپ کو احساس تک نہیں
ہہہ ، صبر کیجے صبر کا پھل میٹھا ہوتا ہے
مرشد میں بھونکدا ہاں جو کئی شئے وی نئیں بچی
مرشد وہاں یزیدیت آگے نکل گئی
اور پارسا نماز کے پیچھے پڑے رہے
مرشد کسی کے ہاتھ میں سب کچھ تو ہے، مگر
مرشد کسی کے ہاتھ میں کچھ بھی نہیں رہا
مرشد میں لڑ نہیں سکا، پر چیختا رہا
خاموش رہ کے ظلم کا حامی نہیں بنا
مرشد جو میرے یار بھلا چھوڑیں، رہنے دیں
اچھے تھے جیسے بھی تھے خدا مغفرت کرے
مرشد ہماری رونقیں دوری نگل گئی
مرشد ہماری دوستی شبہات کھا گئے
مرشد اے فوٹو پچھلے مہینے چھکایا ہم
ہنڑ میکوں ڈیکھ لگدئے جو اے فوٹو میڈاھ؟
یہ کس نے کھیل کھیل میں سب کچھ الٹ دیا
مرشد یہ کیا کہ مر کے ہمیں زندگی ملے
مرشد ہمارے ورثے میں کچھ بھی نہیں، سو ہم
بے موسمی وفات کا دکھ چھوڑ جائیں گے
مرشد کسی کی ذات سے کوئی گلہ نہیں
اپنا نصیب اپنی خرابی سے مر گیا
مرشد وہ جس کے ہاتھ میں ہر ایک چیز ہے
شاید ہمارے ساتھ وہی ہاتھ کر گیا

افکار علوی

No comments:

Post a Comment