Wednesday 29 July 2020

ہمیں شعور جنوں ہے کہ جس چمن میں رہے

ہمیں شعور جنوں ہے کہ جس چمن میں رہے
نگاہ بن کے حسینوں کی انجمن میں رہے
تو اے بہار گریزاں! کسی چمن میں رہے
مِرے جنوں کی مہک تیرے پیرہن میں رہے
مجھے نہیں کسی اسلوبِ شاعری کی تلاش
تِری نگاہ کا جادو مِرے سخن میں رہے
نہ ہم قفس میں رکے مثلِ بوئے گل صیاد
نہ ہم 'مثالِ' صبا 'حلقۂ' رسن میں رہے
کھلے جو ہم تو کسی شوخ کی نظر میں کھلے
ہوئے گرہ تو کسی زلف کی شکن میں رہے
سرشکِ رنگ نہ بخشے تو کیوں ہو بارِ مژہ
لہو حنا نہیں بنتا تو کیوں بدن میں رہے
ہجومِ دہر میں بدلی نہ ہم سے وضعِ خرام
گِری کُلاہ، ہم اپنے ہی بانکپن میں رہے
یہ حکم ہے رہے مٹھی میں بند سیلِ نسیم
یہ ضد ہے بحرِ تپاں کوزۂ کہن میں رہے
زباں ہماری نہ سمجھا یہاں کوئی مجروح
ہم اجنبی کی طرح اپنے ہی وطن میں رہے

مجروح سلطانپوری

No comments:

Post a Comment