Tuesday, 28 July 2020

پھیلا کے سر پہ درد کی چادر چلا گیا

پھیلا کے سر پہ درد کی چادر چلا گیا
اک شخص میری روح پہ نشتر چلا گیا
مجھ سے خطا ہوئی تھی کہ ایسی مِرا خدا
ناراض ہو کے شہر سے باہر چلا گیا
شیشے لہولہان پڑے ہیں جو فرش پر
کھڑکی پہ کوئی مار کے پتھر چلا گیا
باہر کا شور اتنا گراں تھا کہ بہرِ امن
ہر شخص اپنی ذات کے اندر چلا گیا
ٹھہرا تھا آ کے ایک مسافر کبھی یہاں
پھر شہرِ تن کو آگ لگا کر چلا گیا
کابک کو خالی دیکھ کر کڑھتا ہے دل مِرا
جانے کہاں سفید کبوتر چلا گیا؟
سورج بھی تھک کے ڈوب گیا، شام ہو گئی
دن بھر جو میرے ساتھ تھا، وہ گھر چلا گیا
آخر سروں پہ دھوپ کی دیوار گر پڑی
اچھا ہوا میں سائے سے اٹھ کر چلا گیا
نقاش دل میں پیاس کی کیلیں گڑی رہیں
قدموں میں آ کے ایک سمندر چلا گیا

نقاش کاظمی

No comments:

Post a Comment