Saturday, 17 October 2020

خوشی سے کون بکتا ہے بصد آزار بکتے ہیں

 خوشی سے کون بکتا ہے بصد آزار بکتے ہیں

ضرورت کے تحت بازار کے بازار بکتے ہیں

دکانوں پر کبھی سر کے لیے دستار بکتی تھی

بذاتِ خود یہاں اب صاحبِ دستار بکتے ہیں

یہ دنیا ہے یہاں ہر شے کا اپنا بھاؤ تاؤ ہے

جو باہر بک نہیں سکتے پسِ دیوار بکتے ہیں

کبھی منڈی میں بکتی تھی غلاموں کی سیہ بختی

مگر آزادگاں اب تو سرِ بازار بکتے ہیں

جو پیسہ خرچ کرتے ہیں، کہانی خود بناتے ہیں

کہانی اب نہیں بکتی فقط کردار بکتے ہیں

جو اپنی رائے رکھتے ہیں کسی قیمت نہیں بکتے

بہت سستے یہاں پر حاشیہ بردار بکتے ہیں


سلیم طاہر

No comments:

Post a Comment