Thursday 24 December 2020

ہر طرف برپا ہے اک شور قیامت دیکھئے

 ہر طرف برپا ہے اک شور قیامت دیکھئے

حاکم دوراں کا یہ طرز حکومت دیکھئے

موم ہوں پر کر رہا ہوں چڑھتے سورج سے میں جنگ

میری ہمت دیکھئے، میری شجاعت دیکھئے

روز کرتے ہیں نمک پاشی مرے زخموں پہ وہ

مہربانوں کا یہ اندازِ عنایت دیکھئے

دھوپ کے نیزوں سے چھلنی ہو گیا پھولوں کا جسم

وقت کے بے رحم ہاتھوں کی شرارت دیکھئے

چاند اور سورج بچھے جاتے ہیں قدموں میں مرے

چشمِ حیرت سے یہ اعجاز محبت دیکھئے

کر رہے ہیں دشمنوں کے حق میں بھی ہر دم دعا

اہلِ دل کا آپ معیار عداوت دیکھئے

پتھروں کے شہر میں کیا خوب صابر جوہری

آئینوں کی ہو رہی ہے اب تجارت، دیکھئے


صابر جوہری

No comments:

Post a Comment