Friday, 25 December 2020

بجھے ہیں سب جلا کوئی نہیں ہے

 بجھے ہیں سب جلا کوئی نہیں ہے

اندھیرے میں دِیا کوئی نہیں ہے

یہ کیسے زخمِ دل ہیں ہجرتوں کے

ادھڑتے ہیں، سِلا کوئی نہیں ہے

بہت جی چاہتا ہے لَوٹنے کو

مگر اب راستہ کوئی نہیں ہے

مِرے بارے میں سب کرتے ہیں باتیں

مجھے پہچانتا کوئی نہیں ہے

بہت سے لوگ ہیں ہمراہ میرے

مگر ان میں مِرا کوئی نہیں ہے

یہ گھر ہے یا کہ ہے دشت و بیاباں

جہاں در ہیں، صدا کوئی نہیں ہے


کاظم واسطی

No comments:

Post a Comment